خبرنامہ پاکستان

بانی ایم کیوایم نےپاکستان کےوجود کوکبھی تسلیم نہیں کیا، عبدالقادر

وفاقی وزیر:(اے پی پی) وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے بانی نے مزار قائد پر پاکستان کا جھنڈا بھی جلایا اور جیل گئے،متحدہ کے بانی نے کبھی پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ الطاف حسین نے بھارت جا کر پاکستان کے قیام کو تاریخ کی بڑی غلطی قراردیا، انہوں نے کہا کہ لگتا ہے ایم کیوایم نے وقتی ضرورت کے تحت خود کو اپنے بانی سے الگ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم والے کہتے ہیں کہ بانی سے تعلق نہیں لیکن ان کا احترام ہے،متحدہ کے بانی نے 1984 میں مزار قائد کے سامنے پاکستان کے پرچم کو نذر آتش کیا، انہیں کس بنیاد پر جیل بھیجا گیا ؟ ہر بار کہا گیا کہ ان کی ذہنی کیفیت ٹھیک نہیں۔ عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ فاروق ستار الطاف حسین کو اب بھائی کے بجائے صاحب کہتے ہیں، 22 اگست سے پہلے جو کچھ ہوتا رہا اس کو صحیح کہا جاتا رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب بتایا جائے کہ جو کچھ 22 اگست سے پہلے ہوتا رہا درست تھا؟ یہ بات نہیں مانی جاسکتی کہ 22 اگست سے پہلے والی تحریک بالکل ٹھیک ہے صرف ایک پاگل کو نکال دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر سیفران نے کہا کہ اسی ایم کیوایم نے کراچی میں فوجی آپریشن کا مطالبہ کیا تھا، پاکستان کی سالمیت کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کی جائے گی، کسی کے خلاف زیادتی نہیں ہوگی۔