خبرنامہ پاکستان

بانی ایم کیوایم کےخلاف غداری کا مقدمہ چلانے کیلئے تین رکنی بنچ تشکیل

بانی ایم کیوایم کےخلاف

بانی ایم کیوایم کےخلاف غداری کا مقدمہ چلانے کیلئے تین رکنی بنچ تشکیل

لاہور:(ملت آن لائن) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بانی ایم کیو ایم کیخلاف غداری کا مقدمہ چلانے کے لیے دائر درخواستوں کی سماعت کیلئے نیا فل بنچ تشکیل دے دیا ہے، تین رکنی بنچ 29 مارچ سے سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس یاور علی نے ایم کیو ایم لندن کے قائد کیخلاف درخواستوں پر کارروائی کیلئے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں فل بنچ تشکیل دیا ہے۔ جس کے دیگر ارکان میں جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس عالیہ نیلم شامل ہیں۔ ایم کیو ایم لندن کے سربراہ کیخلاف مقامی وکیل آفتاب ورک سمیت دیگر نے درخواستیں دائر کی ہیں، جس پر تین رکنی فل بنچ نے 2016 میں ایم کیو ایم کے قائد کے نام، بیانات اور تصاویر کی اشاعت پر پابندی لگائی تھی۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ ایک فاضل رکن جج کی ریٹائرمنٹ پر تحلیل ہوگیا تھا، جس پر نیا تین رکنی بنچ تشکیل دیا گیا ہے۔ درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ ایم کیو ایم لندن کے سربراہ نے پاکستان کی سلامتی کے خلاف تقاریر کیں اور بیانات دیے . ان کے بیانات غداری کے زمرے میں آتی ہیں لہذا ایم کیو ایم کے سابق سربراہ کیخلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت غداری کا مقدمہ درج کرکے کارروائی کا حکم دیا جائے۔ واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم کے قائد کی تقاریر کی لائیو کوریج پر تاحکم ثانی پابندی عائد کردی تھی۔ خیال رہے کہ ایم کیو ایم کے قائد نے اپنے خطابات میں پاکستان اور پاک فوج کے خلاف نفرت آمیز بیانات دیئے جبکہ ہندوستان کی خفیہ ایجنسی ‘را’ سے مدد کرنے کی بات کی تھی۔