خبرنامہ پاکستان

بجلی صارفین کیلئے موبائل ایپلی کیشن ‘روشن پاکستان’ کا اجرا

بجلی صارفین کیلئے موبائل ایپلی کیشن ‘روشن پاکستان’ کا اجرا

اسلام آباد: (ملت آن لائن) حکومت نے ملک بھر میں صارفین کو بجلی چوری، لوڈ شیڈنگ شیڈول اور بل سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لئے اینڈرائیڈ موبائل ایپلی کیشن “روشن پاکستان ” کا اجرا کر دیا۔ وفاقی وزیر بجلی اویس لغاری نے یہ خوشخبری بھی سنائی کہ گرمیوں میں بجلی کی طلب و رسد میں فرق ختم ہوجائے گا، ملک بھر میں ڈھائی کروڑ بجلی صارفین کو اب گھر بیٹھے لوڈشیڈنگ شیڈول سے آگاہی روشن پاکستان موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے مل جائے گی کہ ان کے فیڈر سے کتنی بجلی چوری ہو رہی ہے۔
وزیر توانائی نے یقین دلایا کہ گرمیوں میں ضرورت سے زیادہ بجلی دستیاب ہو گی اور لوڈ شیڈنگ بالکل نہیں ہو گی۔ اویس احمد لغاری نے بتایا کہ اوور بلنگ کے خلاف قانون قومی اسمبلی سے منظور ہو چکا، سینیٹ نے بھی بل پاس کر دیا عوام کو اس عذاب سے جلد چھٹکارا مل جائے گا ، تقسیم کار کمپنیوں کو ریکوری سب سے بڑا مسئلہ ہے ، بجلی کی پیداوار اور آئی پی پیز کو ادائیگیوں کے ڈیٹا کو صرف اور صرف پارلیمنٹ کی درخواست پر ہی ویب سا ئٹ پر ڈالا جاسکتا ہے،بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو 800 ارب روپے کی ریکوری سب سے بڑی ترجیحات میں شامل ہے۔
اویس لغاری نے کہا تمام تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسروں کے ساتھ اجلاس جنوری کے پہلے ہفتہ میں کیا جائے گاجس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جدید موبائل ایپلی کیشن کو موبائل میں انسٹال کرنے کے بعد ہر صارف اپنے فیڈر سے متعلق تمام معلومات اپنے موبائل پر حاصل کرسکے گا، ایپلی کیشن موبائل میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد صارفین کو اپنا ریفرنس نمبر دینا ہوگا جس کے بعد وہ گرڈ سٹیشن فیڈر کا نام فیڈر کی کیٹگری اور موجودہ سٹیٹس کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں گے، ایپلی کیشن کی بدولت بجلی صارفین کو لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اور فیڈر پر ہونے والی لوڈشیڈنگ کی تفصیلات بھی دستیاب ہوں گی،اس موقع پر سیکرٹری پاور ڈویژن یوسف نسیم کھوکھر نے کہا کہ جون 2018 تک مجموعی طور پر 11 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی۔