خبرنامہ پاکستان

بجلی پیداوارکےمنصوبوں کی تکمیل میں تاخیربرداشت نہیں کی جائےگی،وزیراعظم

اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ بجلی کی پیداوار میں اضافے کیلئے شروع کیے گئے تمام منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں،منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ذاتی طور پر خود ان تمام منصوبوں کی نگرانی کروں گا اور ہر 15دن کے بعد ان منصوبوں کی پیش رفت جائزہ لیا جائے گا، جتنے پاور پراجیکٹس پر کام جاری ہے، ان کا دورہ کرونگا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تمام منصوبے مکمل ہوسکیں۔انہوں نے یہ بات وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف،وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف ،وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگہ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے ناصرف لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا بلکہ ملکی معیشت بھی ترقی کرے گی اور صنعتی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی،سیکرٹری پانی وبجلی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2016 میں بجلی کی صورتحال اطمینان بخش رہی ہے اور اس سال بجلی کی ریکارڈ پیداوار بھی ہوئی اور بہت کم شکایات موصول ہوئیں۔وزیراعظم کو کول پاور پراجیکٹس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جن کی تکمیل 2017اور مارچ2018تک ہونی ہیں جو منصوبے اس عرصے میں مکمل ہوں گے گڈو پاورپراجیکٹس جس سے اضافی 440میگاواٹ بجلی ملے گی،نندی پور پاور پلانٹس آن گیس سے 125میگا واٹ،ایل این جی کے تین پاور پلانٹس سے 2400میگاواٹ بجلی ملے گی جن میں پنجاب ساہیوال کول پاور پلانٹس پراجیکٹ(1350 میگاواٹ) ،پورٹ قاسم پاور پلانٹ (1320میگاواٹ) ،2نیوکلیئر پاور پلانٹس (650میگاواٹ )،نیلم جہلم(979میگاواٹ)، تربیلا فور توسیع منصوبہ(1500میگاواٹ) کے منصوبے شامل ہے۔اجلاس میں اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے مارچ2018تک بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کردی جائے گی۔(خ م+ط س)