خبرنامہ پاکستان

بجٹ عوام دوست اورکسانوں کیلئےایک تحفہ ہے: تنویر

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے وفاقی بجٹ2016-17کو عوام دوست بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کسانوں کے لیے ایک تحفہ ہے۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں زراعت کے لیے کیے گئے اقدامات سے زرعی سیکٹر میں ترقی ہوگی اور جی ڈی پی میں اضافے کا باعث بھی بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آنے والے سیلاب سے کسانوں کو بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے اور حکومت نے کسانوں کی پریشانی کو دور کرنے کے لیے یوریا کھادوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے جس سے کسانوں کو کافی حد تک فائدہ حاصل ہو گا۔ رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ہم اسے نظر انداز نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے ملکی معیشت مزید مضبوط ہو گی۔