خبرنامہ پاکستان

بجٹ میں اہم مسائل کونظرانداز کردیا گیا: زرداری

دبئی:(آئی این پی ) پاكستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرنز كے صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ بجٹ میں اہم مسائل كو نظرانداز كر دیا گیا ہے جس پر پارٹی تفصیلی طور پر پارلیمنٹ كے اندر اور باہر اپنی رائے دے گی۔ آصف زرداری کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے كہا كہ سابق صدر اس بات پر مایوس ہوئے كہ مالی تجاویز میں بنیادی مسائل كے حل كے لئے كوئی قدم نہیں اٹھایا گیا، یہ بجٹ زرعی شعبے میں تیزی سے بڑھتے ہوئے انحطاط كو روكنے میں بری طرح ناكام ہوگیا اور اسی طرح سركاری ملازمین كی مایوسی بھی بڑھتی جا رہی ہے، بجٹ میں ماحولیاتی تبدیلی اور موسمیاتی تغیر جو كہ معاشی ترقی سے جڑے ہوئے ہیں كے لئے بھی كچھ نہیں كیا گیا۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ معیشت اس وقت تك مشكلات میں گھری رہے گی جب تك حكومت بیرونی قرض دینے والے اداروں سے قرض لے كر اندرونی قرضے چكاتی رہے گی۔