خبرنامہ پاکستان

براڈ بینڈ کی سہولت جلد پورے ملک میں دستیاب ہوگی، وزیراعظم

براڈ بینڈ کی سہولت

براڈ بینڈ کی سہولت جلد پورے ملک میں دستیاب ہوگی، وزیراعظم

اسلام آباد(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ براڈ بینڈ کی سہولت جلد پورے ملک میں دستیاب ہوگی، ڈیجی سکلز پروگرام سے روزگار کے10لاکھ سے زائد نئے مواقع پیدا ہوں گے، میرے نزدیک قومی سلامتی کا مطلب ہر نوجوان کو روزگار کی فراہمی ہے، صنعتوں اوراداروں میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کے ذریعے اخراجات میں کمی کے ساتھ ساتھ بہتر نتائج کے حصول کو یقینی بنایا جاسکتا ہے، حکومت اداروں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے فروغ کے لئے کام کررہی ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں ورچوئل یونیورسٹی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے باہمی اشتراک سے نوجوانوں کے لئے شروع کئے گئے ڈیجی سکلز پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعظم پروگرام سے استفادہ کرکے نوجوان روزگار کے حوالے خودکفیل ہو جائیں گے۔ پروگرام کے تحت 10 ہزار سے زائد نوجوانوں کو مختلف کورسز میں تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ اس سے 10 لاکھ سے زائد روزگار کے نئے مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے ہم بہتر نتائج حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اخراجات میں کمی کے ذریعے کاروبار کوزیادہ منافع بخش بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت جدیدٹیکنالوجی کے لئے کام کررہی ہے اور نوجوانوں کو سہولیات فراہم کرکے ان کی صلاحیتوں سے بہتر استفادہ کیا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا نوجوان طبقہ اور بالخصوص خواتین باصلاحیت ہیں جو ای کامرس اور ڈیجی سکلز کے شعبہ میں مستقبل کی رہنما ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں ڈیجیٹل کے شعبہ میں تیزی سے تبدیلیاں ہو رہی ہیں اور ہمیں ان تبدیلیوں کے مطابق چلنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ میرے نزدیک قومی سلامتی کا مطلب ہر نوجوان کو روزگار کی فراہمی ہے۔ وزیراعظم نے ڈیجی سکلز پروگرام کے حوالے سے ورچوئل یونیورسٹی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پروگرام کا اجراء خوش آئند ہے اور ملک میں جاری دیگر منصوبوں کی طرح اس منصوبے کا بھی ملکی ترقی میں بڑا حصہ ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نجی کمپنیوں اور اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کے حوالے سے ہرممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کی ترقی کے حوالے سے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ حکومت ملک کے کونے کونے میں براڈ بینڈ کی سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔ تقریب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت، ہائر ایجوکیشن کمیشن، ورچوئل یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔