خبرنامہ پاکستان

برطانوی آرمی چیف کی پاکستان آمد

برطانوی آرمی

برطانوی آرمی چیف کی پاکستان آمد

راولپنڈی:(ملت آن لائن) برطانیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل نکولس پیٹرک کارٹر نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی فوج کے سربراہ جنرل نکولس پیٹرک دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل نکولس پیٹرک نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ امور اور علاقائی سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے پاکستانی اقدام کی تعریف کی۔ جنرل نکولس پیٹرک نے پیغام پاکستان فتویٰ کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ دہشت گردی کے بیانیے کے خلاف وسیع تر اثرات مرتب کرے گا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل نکولس پیٹرک سے ملاقات میں علاقائی امن واستحکام کے لیے مشترکہ فریم ورک کے تحت ایکشن کی ضرورت پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل پیــٹرک نے آرمی چیف کے ہمراہ بلوچستان کے علاقے گردی جنگل کا دورہ بھی کیا جس میں برطانوی ہائی کمشنر، دفاعی اتاشی،کمانڈر جنوبی کمانڈ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ برطانوی وفد کو صوبے میں سیکیورٹی کی صورت حال اور آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد نے انسداد دہشت گردی کے لیےآپریشن میں پاک فوج کی صلاحیتوں اور عزم کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گردی جنگل میں زیادہ تر افغان پناہ گزین رہائش پذیر ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ علاقہ مجرموں اور منشیات فروشوں کا گڑھ بن گیا تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں اسمگلرز اور دہشت گردوں کو تخریبی کارروائیوں کے لیے مدد ملتی تھی لیکن پاک فوج کی کارروائیوں سے علاقہ اب مجرموں اور جرائم سے پاک ہو چکا ہے۔ برطانوی وفد نےسرحدی قصبے برا بچہ کا بھی دورہ کیا۔ وفد کو بلوچستان میں پاک افغان سرحد کی صورت حال بہتر بنانے سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔