خبرنامہ پاکستان

برطانیہ علاقائی سلامتی و تعاون کو مستحکم کرنے میں بامعنی کردارادا کرنے کیلئے تیار ہے: سرتاج عزیز

اسلام آباد:(اے پی پی) برطانیہ کے مشیر برائے قومی سلامتی سر مارک لائل گرانٹ نے کہا ہے کہ برطانیہ علاقائی سلامتی و تعاون کو مستحکم کرنے میں بامعنی کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔برطانیہ نیکٹا سمیت پاکستانیسیکورٹی و قانوں نافذکرنے والی ایجنسیوں کے استعداد کار میں اضافے کیلئے بھرپور تعاون فراہم کریگا۔یہ باتیں انہوں لندن میں پاکستان یو کے انہانسڈ سٹریٹجک ڈائیلاگ(ای ایس ڈی)کے موقع پروزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ بات چیت کے دوران دونوں رہنماوں نے دہشت گردی اور منظم جرائم کے خلاف تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے ساتھ برطانوی تعاون کو سراہا۔ انہوں نے برطانوی نیشنل سیکورٹی کے مشیر مارک لائل گرانٹ کو آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں کامیابیوں اور پڑوسی ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کے حوالہ سے پاکستان کی پالیسی کے بارے میں بریف کیا۔سرتاج عزیز سے برٹش کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے لاہور اور کراچی میں لائبریری اور برٹش کلچرل سنٹرز قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ لندن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ اقتصادی بحالی اور پائیدار ترقی پاکستان خارجہ پالیسی کے بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ مضبوط تعلقات پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا عکاس ہیں- جبکہ روس کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات سے پاکستان کی علاقائی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان میں ’’را‘‘ کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں اور لائن آف کنٹرول کے ساتھ سیز فائر کی خلاف ورزیاں اسلام آباد کیلئے باعث تشویش ہیں۔