خبرنامہ پاکستان

برطانیہ پاکستان کا قریبی دوست اور اہم تجارتی و سرمایہ کاری پارٹنر ہے: خارجہ امور طارق فاطمی

اسلام آباد ۔ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان کا قریبی دوست اور اہم تجارتی و سرمایہ کاری پارٹنر ہے، تعلیم، صحت اور سماجی سیکٹر کی ترقی میں برطانیہ کا تعاون قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی خارجہ اور دولت مشترکہ دفتر کے ڈائریکٹر جنرل سر سائمن گاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سر سائمن نے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی سے بدھ کو دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے بات چیت کے دوران پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں اطمینان بخش قرار دیا۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ دونوں ملکوں کے رہنماؤں کے مابین اعلیٰ سطح پر ملاقاتوں سے تجارت، معیشت، علاقائی امن و استحکام اور سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون نہایت مستحکم ہوا ہے۔ دونوں ملکوں کا دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف یکساں موقف ہے، طارق فاطمی نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا قریبی دوست اور تجارتی و سرمایہ کاری کا اہم پارٹنر ہے۔ طارق فاطمی نے سرسائمن گاس کو علاقائی امن و استحکام اور پرامن ہمسائیگی کے حوالے سے وزیراعظم کے وژن اور اقدامات سے آگاہ کیا۔ سرسائمن گاس نے علاقائی امن و استحکام کے لئے پاکستانی اقدامات اور کوششوں کو سراہا اور اس سلسلے میں برطانیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔