خبرنامہ پاکستان

برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں، وزیراعظم نواز شریف

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں‘ برطانیہ کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔ وہ منگل کو برطانیہ کے ہائی کمشنر فلپ بارٹن سے ملاقات میں بات چیت کررہے تھے جنہوں نے وزیراعظم سے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مضبوط بنانے میں فلپ بارٹن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ تجارت‘ سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا فروغ چاہتا ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے کہا کہ برطانیہ کے پاکستان کے ساتھ اچھے دوستانہ تعلقات ہیں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کا دونوں ملکوں کو قریب لانے میں اہم کردار ہے۔ برطانیہ کی ترقی اور خوشحالی میں پاکستانی تارکین کا کردار قابل تحسین ہے۔ (ن غ)