خبرنامہ پاکستان

برونائی دارالسلام پاکستان کا قریبی اوربا اعتماد دوست ہے، صدرمملکت

اسلام آباد (آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ برونائی دارالسلام پاکستان کا انتہائی قریبی اور با اعتماد دوست ہے۔ باہمی تعلقات میں مزید گہرائی کے لیے تن دہی سے کام کرنے کے ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے یہ بات برونائی دارالسلام میں تعینات ہونے والے ہائی کمشنر میجر جنرل (ریٹائرڈ) طارق رشید خان سے گفتگو کے دوران کہی۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر پر زور دیا کہ وہ برونائی کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور برونائی میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جس سے دونوں ممالک کیسرمایہ کاروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ برونائی کو افرادی قوت کی ضرورت ہے جس میں پاکستان اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جن شعبوں میں سرمایہ کاری ہو سکتی ہے ان پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے ان میں تعلیم ، تعمیری اورانرجی کی شعبے زیادہ اہم ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیاں تجارت جس قدر زیادہ ہو گی ، اسی قدرتعلقات مضبوط ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور برونائی کے درمیان دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لییدونوں ممالک کے درمیان فضائی سروس کے آغاز پر بھی غور کیا جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے ساتھ ساتھ اعلی سطح پر پارلیمانی اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے کی بھی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے سفارتکاروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پاکستان کے امیج کو دنیا میں بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ صدرمملکت نے ہائی کمشنر میجر جنرل (ریٹائرڈ) طارق رشید خان کو برونائی دارالسلام میں بطور سفیر تعیناتی پر مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان اور برونائی کے تعلقات مزید مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔