راولپنڈی :(ملت آن لائن) بغداد ایئر پورٹ پر پھنسے 120پاکستانیوں نے وطن واپسی کیلئے حکومت سے امداد کی اپیل کی ہے، مذکورہ افراد کو ٹریول ایجنٹ نے وقت پر پاسپورٹ فراہم نہیں کیے تھے۔
تفصیلات کے مطابق بغداد ایئرپورٹ پر پاکستانی زائرین گزشتہ36گھنٹے سے محصور ہیں، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریول ایجنٹ کی جانب سے بروقت ٹکٹ اور پاسپورٹ نہ دینے سے زائرین وہیں پھنس کر رہ گئے۔
سخت سردی کے موسم میں بچے، بوڑھے اورخواتین ایئر پورٹ لاؤنج کے فرش پر بیٹھنے پر مجبور ہیں، متاثرہ زائرین کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس کھانے پینے اور واپسی کے ٹکٹ کیلئے رقم بھی موجود نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق سردی اور بھوک کے باعث کئی افراد بیمار ہوچکے ہیں، زائرین نے اپیل کی ہے کہ حکومت پاکستان ہماری فوری مدد کرے، بغداد ایئرپورٹ پر پھنسے زائرین کی تعداد120بتائی جاتی ہے۔