خبرنامہ پاکستان

بلاول اپوزیشن لیڈر، میں ایڈوائزر ہونگا: خورشید

سکھر: (ملت+اے پی پی) سید خورشید احمد شاہ کا کہنا تھا کہ میڈیا سمیت جو لوگ یہ کہتے تھے کہ پیپلز پارٹی کی اکثریت کم ہو گئی ہے، 27 دسمبر کو لوگوں کی بڑی تعداد کی جلسے میں شرکت نے ان کے دعوؤں کو غلط ثابت کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جنوری میں پنجاب سے رابطہ مہم شروع کر رہی ہے، آہستہ آہستہ ملک بھر میں دائرہ وسیع کیا جائے گا، وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کی جانب سے عدم اعتماد کا اظہار کیا جانے کے بعد میاں نواز شریف کو وزیر اعظم نہیں رہنا چاہئے اگر وہ سمجھتے ہیں کہ وزیر داخلہ غلط ہیں تو انہیں ان کے خلاف قدم اٹھانا چاہئے۔ مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری نے پارلیمانی سیاست کرنے کا جو اعلان کیا ہے اس سے پارلیمنٹ کی سیاست کا گراف بڑھے گا، ہم چاہتے ہیں کہ اپنے احتجاج کے ذریعے حکومت پر دباؤ بڑھائیں تاکہ ملک کے حالات بہتر ہوں۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ہم ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے تیسری قوت کو موقع ملے، تمام اداروں کو پیغام دیتے ہیں کہ وہ بغیر دباؤ کے فیصلے کریں کیونکہ حکمران آتے جاتے رہتے ہیں لیکن ملک ہمیشہ قائم رہے گا۔ خورشید احمد شاہ نے کہا کہ 2018ء میں بلاول کے ساتھ بختاور بھٹو زرداری بھی سیاست کا آغاز کریں گی۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ جس طرح وفاقی کابینہ میں شامل وزیر معزز ججز کے حوالے سے بیانات دے رہے ہیں، وہ انتہائی خطرناک ہیں، ایسے حالات پیدا نہ کئے جائیں۔