خبرنامہ پاکستان

بلاول بھٹو زرداری کی ساراوان ہاؤس آمد، سراج رئیسانی کے اہلِ خانہ سے تعزیت

پاک فوج میری

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مستونگ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے رہنما سراج رئیسانی کے گھر ساراوان ہاؤس پہنچے اور ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر سراج اسلم رئیسانی کے لیے دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

بعدِ ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بہادر قوم ہے اور وہ 25 جولائی کو اپنا ووٹ ڈالیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سیکورٹی اولین ترجیح ہونی چاہیے، اور اس حوالے سے انتظامیہ کو کوتاہی نہیں برتنی چاہیے۔

جب ان سے سیاست کے حوالے سے ایک سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ میں یہاں تعزیت کے لیے آیا ہوں اور یہاں ایسی بات نہیں کرسکتا، تاہم ممکن ہوتا کہ میں اس بات کا جواب ائیرپورٹ یا پھر اپنی رہائش گاہ پر دیتا۔

بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں بتایا جاتا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی کمر توڑ دی گئی ہے، تاہم الیکشن مہمات کے دوران بڑے دہشتگردی کے واقعات پیش آچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عراق اور افغانستان میں بھی ایسے حالات میں الیکشن ہوئے.

انہوں نے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انتخابی مہمات کے دوران کہیں بھی دہشت گردی کے واقعات نہیں ہونے چاہئیں۔

یاد رہے کہ 13 جولائی کو بلوچستان کے علاقے مستونگ میں بی اے پی کے انتخابی مہم کے سلسلے میں ہونے والی کارنر میٹنگ کے دوران خودکش حملے میں بی این پی کے سراج رئیسانی سمیت 128 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

واقع کے بعد سے سراج رئیسانی کے گھر پر سیاسی رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

15 جولائی کو نگراں وزیرِ اعظم جسٹس (ر) ناصرالملک، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ساراوان ہاؤس کا دورہ کیا تھا اور سراج رئیسانی کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا تھا۔