خبرنامہ پاکستان

بلاول بھٹو کا چودھری نثار سے استعفیٰ کا مطالبہ

لاہور (ملت + ملت نیوز) پاکستان پیپلز پاٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ 7 نومبر تک ہمارے چار مطالبات پورے کئے جائیں، مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں قبل از وقت الیکشن مہم چلائیں گے۔ انہوں نے وزیر داخلہ چودھری نثار کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ سانحہ کوئٹہ کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپل پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس صورتحال میں مٹھائی نہیں بانٹے گی، ہمیں وزارت داخلہ، ن لیگ اور شریفستان کی ضرورت نہیں۔ اس موقع پر بلاول بھٹو اپنی شہید والدہ کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ایئر پورٹ پر حملہ ہوا تو اس وقت ن لیگ کا مطالبہ تھا کہ قائم علی شاہ مستعفی ہوں اور جب ہزارہ برادری کے لوگوں کو قتل کیا گیا تو ن لیگ والے کہتے تھے صدر زرداری استعفیٰ دو۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ استعفیٰ دیں۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف بولنے کیلئے چودھری نثار کے پاس وقت ہے۔ چودھری نثار میرے، اعتزاز اور ایان کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف بات کرنی ہو تو وزیر داخلہ خاموش ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بدقسمتی ہے ہ وہ امپائر کی انگلی کے بغیر کوئی قدم نہیں اٹھا سکتا۔ اس ملک میں جمہوریت ہی رہے گی۔ بلوچستان، پنجاب، سندھ کے پی کے اور آزاد کشمیر کے پاس جمہوریت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔