خبرنامہ پاکستان

بلاول زرداری نے اقلیتوں کی بات کرکے ملک بھر کے غیرمسلم باشندوں کے دل جیت لئے‘

اسلام آباد(ملت + آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی رمیش لال نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اقلیتوں کے حقوق کی بات کرکے ملک بھر کے غیرمسلم باشندوں کے دل جیت لئے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک کی واحد سیاسی پارٹی جو کسی رنگ و نسل اور مذہب کے امتیاز کے بغیر عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ پارٹی کے بانی قائدعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973ء کے آئین میں اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دی اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے بھی ہمیشہ اقلیتوں سے ہونے والے امتیازی سلوک کے خلاف آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی بھی یہی کوشش رہی کہ اقلیتوں کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ رمیش لال نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بن کر رہے گا جہاں ملک کے ہر شہری کو برابری کی بنیاد پر سیاسی، سماجی اور معاشی انصاف ملے گا۔ رمیش لال نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہمیشہ ایشوز پر بات کرتے ہیں اور ان کی بنیادی ترجیح یہ ہے کہ ملک سے بھوک، بیروزگاری اورجہالت کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کر رہی ہے۔