خبرنامہ پاکستان

بلوچستان،وزیرستان سے 5 دہشتگرد گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد

سیکیورٹی فورسز نے آپریشن رد الفساد کے تحت شمالی اور جنوبی وزیرستان سمیت سبی میں کارروائیاں کرتے ہوئے 5 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کےمطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع سبی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی جس میں 5 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور مواصلاتی آلات برآمد کیے گئے ہیں۔

دریں اثنا فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اسلحہ خفیہ مقامات پرزیرزمین چھپایا گیا تھا۔ برآمد شدہ ہتھیاروں میں بارودی سرنگیں، راکٹ، آر پی جی اور دیگر اسلحہ شامل ہے۔