خبرنامہ پاکستان

بلوچستان سے ’را‘ کے افسر کی گرفتاری ،پاکستان کا بھارت سے شدید احتجاج

اسلام آباد:(اے پی پی)بلوچستان سےحاضر سروس بھارتی سیکیورٹی اہلکار کی گرفتار ی پر بھارتی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیاہے اور بھارتی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی تھمایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائی کمشنر کو بلوچستان سے حاضر سروس بھارتی سیکیورٹی افسرکل بھوشن یادیو کی گرفتاری کے بارے میں آگاہ کیا گیااور کہا ہے کہ وہ پاکستان کے صوبے بلوچستان میں اپنی سرگرمیوں کے بارے میں بھی وضاحت پیش کرے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتاربھارتی سیکورٹی اہلکار 1991ءسےحاضر سروس کمانڈرہے اور جاسوسی کی کاروائیوں میں ملوث رہا ہے، گرفتار بھارتی سیکورٹی اہلکار کراچی میں بھی رہتا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی جاسوس پاکستان میں علیحدگی پسندوں کے علاوہ فرقہ وارانہ اور مذہبی دہشت گردی کی کاروائیوں میں معاونت کرتا رہا ہے۔