خبرنامہ پاکستان

بلوچستان کے 3 اراکین قومی اسمبلی نے مسلم لیگ ن چھوڑ دی

بلوچستان کے 3 اراکین قومی اسمبلی نے مسلم لیگ ن چھوڑ دی3

اسلام آباد:(ملت آن لائن) مسلم لیگ ن کے دو سابق وفاقی وزراء اور ایک رکن اسمبلی نے پارٹی کو الوداع کہتے ہوئے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان سےمنتخب ہونے مسلم لیگ کے 2 سابق وفاقی وزراء جام کمال، دوستین ڈومکی اور رکن قومی اسمبلی خالد کمال مگسی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان پریس کانفرنس میں کیا۔ اسلام آباد پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خالد خان مگسی کا کہنا تھا کہ جام کمال اپنی وزارت سے ایک مہینے پہلےمستعفی ہوئے اور اب پارٹی کو بھی چھوڑ رہے ہیں کیونکہ مسلم لیگ ن کے ساتھ چلنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہوگیا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو خیرباد کہہ کر خود کو آزاد محسوس کررہا ہوں، یہ فیصلہ حلقے کے عوام سے مشاورت کے بعد کیا اس لیے اب بہت مطمئن ہوں، بلوچستان کے نام پر ملک کی بڑی جماعتوں نے اپنی سیاست چمکائی۔ اراکین قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی جو صورتحال بنادی گئی اُس میں مسلم لیگ ن کے ساتھ چلنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن بات ہے، اگر کوئی ہم پر کسی کے اشاروں کا الزام لگاتا ہے تو کرتا رہے ہم جو بھی قدم اٹھا رہے ہیں وہ صوبے کے حق میں ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ برس بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں پیش کی جانی تھی تاہم اُس سے قبل ہی انہوں نے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کردیا تھاجس کے بعد اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ بنے تھے۔ حکمراں جماعت مسلم لیگ ن نے ثناء اللہ زہری کو عہدے سے ہٹانے کو جمہوریت کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا تھاکہ اس کے پیچھے پیپلزپارٹی کا ہاتھ کارفرما ہے۔