خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم نوازشریف کی لاہور دھماکے کی سخت مذمت

اسلام آباد(ملت آن لائن) وزیراعظم نواز شریف نے منگل کے روز لاہور میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے صدمے اور دکھ کا اظہار کیا

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے صدمے اور دکھ کا اظہار کیا اور واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔

اس سے قبل لاہور میں فیروز پور روڈ پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ریسکیو ترجمان نے 15 افراد کے جاں بحق اور 20 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

ارفع کریم ٹاور کے پاس دھماکا ہوا، جس کی آواز اتنی زور دار تھی کہ دور دور تک سنی گئی جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور جائے وقوعہ سے دھواں اٹھتا بھی دیکھا گیا، دھماکے کے نتیجے میں ایک گاڑی اور 3تین موٹر سائیکلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

ریسکیو ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تعداد پولیس اہلکاروں کی ہے۔

علاقے میں پولیس اور مقامی انتظامیہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں مصروف تھی۔ پنجاب حکومت کے مطابق ارفع کریم ٹاور کے قریب پرانی عمارتوں کو بھی گرایا جارہا تھا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل محکمہ داخلہ پنجاب نے دہشتگردی کا خدشہ ظاہر کیا تھا جس کے بعد شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی۔