خبرنامہ پاکستان

بوائے اسکاؤٹس کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر گارڈ آف آنر پیش کیا

لاہور۔9 نومبر(ملت + اے پی پی) شاعر مشرق حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے139ویں یوم ولادت کے موقع پر 150بوائے اسکاؤٹس کے چاق و چوبند دستے نے اسکاؤٹس یونیفارم میں مزار اقبال، حضوری باغ میں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ صوبائی سیکرٹری پنجاب بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن محمد طارق قریشی، ریجنل سیکرٹری راحت جعفری اور صدارتی ایوارڈ یافتہ سکاؤٹ لیڈر مقصود چغتائی بھی اس موقع پر موجود تھے۔بوائے اسکاؤٹس نے مزار اقبال پر حاضری دی اور فلسفی شاعر کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ مقررین نے کہا کہ آج ہم جن آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں اس کا تمام تر سہرا علامہ محمد اقبال کے سر ہے جن کی دور اندیشی کی وجہ سے ہم وطن عزیز کے حصول میں کامیاب ہوئے۔