خبرنامہ پاکستان

بٹگرام کے تباہ شدہ سکولز اور ہسپتال دوبارہ تعمیر نہ ہو سکے

بٹگرام۔ 9اکتوبر (اے پی پی) ملک میں آنے والے تباہ کن زلزلہ کو11 سال کا عرصہ بیت گیا تاہم تباہ شدہ سکولز اور ہسپتال کا تعمیراتی کام ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا۔ زلزلہ کے دوران ضلع بٹگرام میں ایک ہزار 326 افراد جاں بحق جبکہ 10 ہزار سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے۔ زلزلہ کے شہداء کی برسی کے موقع پر مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے صحافیوں کو بتایا کہ سرکاری سکولوں کی عمارتیں تعمیر نہ ہونے کے باعث کئی علاقوں کے طالب علم کھلے آسمان کے نیچے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ گرمی کے موسم میں تیز دھوپ اور سردی کے موسم میں بارشوں کی وجہ سے طالب علموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ 2005ء کے زلزلہ سے ضلع بٹگرام میں 529 سرکاری سکولز مکمل طور پر تباہ ہوئے تھے، اب تک صرف 384 سکولوں کو تعمیر کیا گیا جبکہ 145 سکولوں پر اب تک کوئی بھی تعمیراتی کام شروع نہیں ہو سکا ہے۔