خبرنامہ پاکستان

بچوں سے زیادتی پرسرعام پھانسی کی سزا کا بل سینیٹ میں پیش

بچوں سے زیادتی پرسرعام پھانسی کی سزا کا بل سینیٹ میں پیش

اسلام آباد:(ملت آن لائن) بچوں سے زیادتی پر سرعام پھانسی کی سزا کا بل سینیٹ میں پیش کردیا گیا، پیپلزپارٹی نے بل کی مخالفت کردی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف سینیٹ میں تحریک التوا بھی پیش کی گئی۔ زینب قتل کیس میں قاتل کی گرفتاری پر ملک بھر کے عوام کی جانب سے درندہ صفت قاتل کو سرعام پھانسی پر لٹکانے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ اسلام آباد میں سینیٹ کا اجلاس میاں رضاربانی کی زیر صدارت منعقد ہوا، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے بچوں سے زیادتی پر سرعام پھانسی کا بل پیش کیا، جس پر پیپلزپارٹی سے ہی تعلق رکھنے والے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے بل کی مخالفت کردی۔ فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ ایسی سزا سے ضیاء دور کی یاد تازہ ہوگی، ایسی سزا سے معاشرے میں منفی تاثر جائے گا، فرحت اللہ بابر کا مزید کہنا تھا کہ ایسےسنگین جرائم کی سزا پہلے سے آئین میں سزائے موت تجویز ہے، اگر کسی کی خواہش ہے تو کیس کیلئے جیل کے قواعد میں تبدیلی کی جائے، آئین میں ترمیم کی رسم کسی صورت درست نہیں ہے۔ سینیٹر میرحاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ زینب کے قاتل کو قانون کے مطابق سزا دی جائے، ایسی ترمیم کےمعاشرے پر منفی اثرات مرتب ہونگے، ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سزا کی ہمارے معاشرے میں گنجائش نہیں ہے۔ علاوہ ازیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف بھی سینیٹ میں تحریک التوا پیش کی گئی، مذکورہ تحریک التواء سینیٹرطاہر حسین مشہدی نے پیش کی۔ چیئرمین سینیٹ نے تحریک التوا بحث کے لئے منظور کرلیا، تحریک التواء پرسینیٹ میں دو گھنٹے بحث کرانے کا فیصلہ کیا گیا، طاہرمشہدی کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کو سال نو کے آغاز پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا تحفہ دیا۔