خبرنامہ پاکستان

بچوں پر جنسی تشدد، خیبر پختونخوا اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور

بچوں پر جنسی تشدد،

بچوں پر جنسی تشدد، خیبر پختونخوا اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور

پشاور: (ملت آن لائن) خیبر پختونخوا اسمبلی میں بچوں پر جنسی تشدد کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی۔ پی ٹی آئی کے ایم پی اے شوکت یوسفزئی کا بچوں پر جنسی تشدد روکنے کیلئے قانون سازی کا مطالبہ خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر مہرتاج روغانی کے صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کی ایم پی اے آمنہ سردار کی جانب سے ہزارہ، نوشہرہ اور مردان میں بچوں پر جنسی تشدد کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ قرارداد میں بچوں پر جنسی تشدد میں ملوث افراد کو سرعام عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے پارلیمانی رہنما سردار اورنگزیب نلوٹھا کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی مثالی پولیس مردان میں بچی کے قاتل کو پکڑنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ بچوں پر تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر آئی جی خیبر پختونخوا مستعفی ہو جائیں۔ ایوان سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ایم پی اے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بچوں پر تشدد جہاں بھی ہو غلط ہے، ملزموں کو جلد پکڑ لیں گے۔ بچوں پر جنسی تشدد روکنے کیلئے موثر قانون سازی کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل اجلاس میں جے یو آئی کے ایم پی اے مفتی جنان کی جانب سے ایک بار پھر رائلٹی نہ ملنے کے خلاف سپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ اجلاس میں حکومتی بنچز کی جانب سے کورم کی نشاندہی پر اپوزیشن نے شور شرابا شروع کر دیا اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی۔