خبرنامہ پاکستان

بڑا بھائی اور چھوٹا بھائی ایک جیسے ہیں، عمران خان

بڑا بھائی اور چھوٹا بھائی ایک جیسے ہیں، عمران خان
لیہ:(ملت آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کی پارٹنر شپ نے ملک کو مقروض کردیا ہے اور اگر یہ سب ایسے ہی چلتا رہا تو پاکستان کا مستقبل برا ہوگا۔ لیہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ قوموں کی زندگی میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے، نہ کوئی ہمیشہ اوپر رہتا ہے اور نہ کوئی ہمیشہ نیچے، جو قومیں ظلم کے نظام کے سامنے جہاد نہیں کرتی وہ برباد ہوجاتی ہیں۔ ایک وقت تھا جب پاکستان سب سے آگے جارہا تھا لیکن اب سب سے پیچھے کیوں ہے، آصف زرداری اور نواز شریف کی پارٹنر شپ نے ملک کو مقروض کردیا، ان کے آنے سے پہلے ہر پاکستانی 35 ہزار کا مقروض تھا اور آج ایک لاکھ 20 ہزار کا مقروض ہے، انہوں نے ایک چھوٹے سے طبقے کو نوازا اور عوام کو مقروض کردیا، اگر ایسی ہی چلتے رہے تو پاکستان کا مستقبل برا ہوگا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت دوسروں سے مختلف ہو گی، ہماری ساری پالیسی غریبوں کے لیے بنیں گی، ہر پاکستانی سبز پاسپورٹ دنیا میں فخر سے لے کرجائے گا، ملک میں سوئٹزرلینڈ سے زیادہ سیاح آئیں گے اور یہاں بیرون ملک سے لوگ نوکریوں کے لیے آئیں گے۔