خبرنامہ پاکستان

بڑی قربانی سے بچنے کیلئے چھوٹی قربانی سے گریز نہیں کرنا چاہیے،اعجاز الحق

بڑی قربانی سے بچنے کیلئے چھوٹی قربانی سے گریز نہیں کرنا چاہیے،اعجاز الحق
اسلام آباد:(ملت آن لائن) مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق کا کہنا ہے کہ حکومت کوغلطی تسلیم کرکے وزیرقانون کومستعفی ہوناچاہیےتھا، بڑی قربانی سے بچنے کیلئے چھوٹی قربانی دینے سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔ حکومت کے اتحادی اعجازالحق بھی حکومتی اقدامات سے ناراض نظر آئے ، فیض آباد میں دھرنے کے مظاہرین کیخلاف آپریشن پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا کہ حکومت نے آپریشن سے متعلق جلدبازی میں فیصلہ کیا۔ اعجازالحق کا کہنا تھا کہ معاملے کو پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے تھا، ایک دو دن اگر اور لگ جاتے تو کوئی حرج نہیں تھا، حکومت نے قانون کو چھیڑا تھا اور بعد میں اسے ٹھیک بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کو غلطی تسلیم کرکے وزیرقانون کومستعفی ہوناچاہیےتھا، ایک شخص کو ہٹانے سے معاملہ حل ہورہا تھا تو انہیں ہٹانا چاہیے تھا، بڑی قربانی سے بچنے کیلئے چھوٹی قربانی دینے سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔ مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وقت ہے مذاکراتی ٹیم دھرنا منتظمین کے ساتھ بیٹھے، حکومت غلطی پرغلطی نہ کرے غلطی کو درست کرے۔ اعجاز الحق نے مزید کہا کہ اسلامی قوانین میں کوئی تبدیلی قبول نہیں کی جائے گی۔