خبرنامہ پاکستان

بھارتی سرکاراورمیڈیا وزیراعظم بھارتی مظالم کا پردہ چاک کرنےپربلبلا اٹھا

نئی دہلی (ملت+ آئی این پی )بھارتی سرکار اور میڈیا وزیراعظم نوازشریف کے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا پردہ چاک کرنے پر بلبلا اٹھا،ایک جانب بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو طاقت کے زور پر کچلنے کے لیے گزشتہ 70 برسوں سے ظلم ڈھا رہا ہے تو دوسری جانب جب اس کے ظلم کو عالمی سطح پر اٹھایا جاتا ہے تو وہ تلملا اٹھتا ہے اورایسا ہی ہوا اس بار بھی جب وزیراعظم نوازشریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا پردہ کیا چاک کیا تونہ صرف بھارتی حکام بلبلا اٹھے بلکہ اْس کے میڈیا نے تو پاکستان اوروزیراعظم نوازشریف کے خلاف ایسا زہراگلا کہ جسے سْن کر صحافت بھی شرما جائے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے جب مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کا تذکرہ کیا تو جنگی جنون میں مبتلا بھارت پاکستان کو دہشت گرد قرار دینے کے جتن کرنے لگا، وزیر اعظم نواز شریف کے خطاب کے بعد اقوام متحدہ میں بھارتی مشن کے سیکریٹری اول انعام گھمبیر نے کشمیر پر ریاستی جبر سے آنکھیں چراتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے بڑی قسم دہشت گردی ہے اور جب دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کی حیثیت سے اختیار کیا جاتا ہے تو وہ بدترین جنگی جرائم میں شمار ہوتی ہے۔ انعام گھمبیر نے مزید زہر اگلتے ہوئے کہا کہ بھارت کی نظر میں پاکستان ایک دہشت گرد ملک ہے جو اپنے پڑوسی ملکوں کے خلاف دہشت گردوں کی ہر سال اربوں ڈالر امداد کرتا ہے جس سے دہشت گرد اپنے عزائم مکمل کرتے ہیں۔ بھارتی میڈیا نے پاکستان کے خلاف روایتی دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب پر ایسے ایسے تبصرے کئے کہ جس سے صحافت بھی شرما جائے، بھارتی اینکروں کے منہ میں جو آیا وہ پاکستان کے خلاف زہراگلنے میں ایک دوسرے سے بازی لینے میں لگے رہے۔ بھارتی میڈیا نے پاکستان کے ساتھ چین کو بھی نہ بخشا اورکہا کہ پاکستان بھارت میں جو دہشت گردی کررہا ہے اسے اْس پر چین کی حمایت حاصل ہے۔