خبرنامہ پاکستان

بھارتی قونصلیٹ کو سری دیوی کی میت حوالگی کا اجازت نامہ مل گیا

بھارتی قونصلیٹ کو سری دیوی کی میت حوالگی کا اجازت نامہ مل گیا

دبئی:(ملت آن لائن) بالی وڈ کی لیجنڈری اداکارہ سری دیوی کی میت بھارت لے جانے کے لئے دبئی پولیس کی جانب سے ان کے خاندان کو حوالگی کا اجازت نامہ جاری کردیا گیا۔ دبئی میں بھارتی قونصلیٹ کی جانب سے بذریعہ ٹوئٹ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے سری دیوی کی میت حوالگی کا اجازت نامہ قونصلیٹ اور آنجہانی اداکارہ کے شوہر بونی کپور کے حوالے کردیا۔ سری دیوی کی میت بھارتی صنعتکار مکیش امبانی کے نجی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ممبئی لائی جائے گی جہاں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی جب کہ شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد مرحومہ کے دیور انیل کپور کی رہائشگاہ پہنچنا شروع ہوگئی۔ دوسری جانب پولیس پبلک پراسیکیوشن نے تحقیقات کے دائرے کو آگے بڑھاتے ہوئے ‘مجرمانہ غفلت’ کے زاویے کو بھی تفتیش میں شامل کرلیا جب کہ آنجہانی اداکارہ کو اسپتال پہنچانے میں ‘جان بوجھ کر تاخیر’ کرنے کے مفروضے کو بھی تفیش کا حصہ بنایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ دبئی میں ایمرجنسی کے متاثرہ فرد کو اسپتال پہنچانے میں اوسطاً 7 منٹ لگتے ہیں تاہم سری دیوی کو اسپتال پہنچانے میں کافی وقت لگا اور اداکارہ کی موت ایمرجنسی وارڈ میں لے جائے جانے سے پہلے ہی ہوچکی تھی۔
سری دیوی کی موت باتھ ٹپ میں ڈوبنے کے باعث ہوئی، دبئی پولیس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ
لیبارٹری رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ سری دیوی نے شراب نوشی کر رکھی تھی اور جس وقت وہ پانی سے بھرے باتھ ٹب میں گریں اس وقت وہ نشے کی حالت میں تھیں۔ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے آنجہانی اداکارہ کے شوہر بونی کپور سے بھی پوچھ گچھ کی گئی اور انہیں اجازت کے بغیر دبئی نہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے ہوٹل انتظامیہ، پیرامیڈیکس اور سری دیوی کے قریبی افراد سے بھی بیانات لئے جارہے ہیں۔ دوسری جانب سری دیوی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کا سبب حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں ڈوبنا بتایا ہے جب کہ اس سے قبل حکام کی جانب سے کہا جارہا تھا کہ حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے اداکارہ کی موت واقع ہوئی۔
سری دیوی کا فلمی کیرئیر
13 اگست 1963 کو پیدا ہونے والی اداکارہ سری دیوی نے 4 سال کی عمر میں فلم نگری میں قدم رکھا اور 1975 میں فلم ’جولی‘ میں بطور معاون اداکارہ بالی وڈ میں کیریئر کا آغاز کیا۔ 1978 میں ‘سولہواں ساون’ سے مرکزی کردار کیا اور اگلی ہی فلم ‘ہمت والا’ سے مقبول ہوگئیں، فلم ‘صدمہ’ میں سری دیوی کےکردار کو ان کی بہترین پرفارمنس قرار دیا جاتا ہے۔
بالی وڈ لیجنڈری اداکارہ سری دیوی چل بسیں
نٹ کھٹ اداؤں اور چمکتی آنکھوں والی سری دیوی نے اپنی اداکاری سے کروڑوں مداحوں کے دلوں پر راج کیا، چارلی چیپلن کی نقل ہو یا ناگن کا روپ، بیوی، ماں اور یا بیٹی، سری دیوی نے ہر کردار ایسا نبھایا کہ امر ہوگیا۔ سری دیوی کو 5 بار ‘فلم فیئر’ ایوارڈ اور 2013 میں بھارت کے چوتھے بڑے ایوارڈ ‘پدم شری’ سے بھی نوازا گیا۔ سری دیوی نے 300 سے زائد تامل، تیلگو، ملیالم اور ہندی فلموں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے جب کہ ان کی شہرہ آفاق فلموں میں ’مسٹر انڈیا‘، ’چاندنی‘، ’ناگن‘، ’لمحے‘، ’وقت کی آواز‘ اور ’خدا گواہ‘ شامل ہیں۔