خبرنامہ پاکستان

بھارتی وزیرداخلہ راجیا سبھا میں اپنی لاعلمی پرپاکستان کوکوستےرہے

نئی دلی:(اے پی پی) بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے شکوہ کیا ہے کہ سارک وزرائے داخلہ کانفرنس میں بھارتی میڈیا کو ان کی تقریردکھانے کی اجازت نہیں دی گئی اور صرف میزبان ملک کو ہی یہ موقع دیا گیا۔ بھارتی راجیا سبھا (سینیٹ) میں دورہ پاکستان کی تفصیلات بتاتے ہوئے راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ انڈین نیوز ایجنسی اور دیگر میڈیا کو ان کی تقریر براہ راست دکھانے نہیں دیا گیا تاہم بھارتی وزیرداخلہ شاید بھول گئے ہیں کہ سارک اجلاسوں کا یہ اصول ہے کہ میزبان ملک کی استقبالیہ تقریر میڈیا کے سامنے پیش کی جاتی ہے جبکہ بقیہ کارروائی ان کیمرہ ہوتی ہے جس میں مختلف امور پر آزادانہ طور پراظہارخیال کیا جاتا ہے۔ اراکین سینیٹ نے پاکستانی حکام کی جانب سے غیرمناسب رویہ سے متعلق سوال کیا تو ان کا کہنا تھا کہ میں یہ کہنے پر ہچکچاہٹ کا شکار ہوں کہ میرے ساتھ معیاری اور پروٹوکول کے مطابق برتاؤ کیا گیا جب کہ گزشتہ روز مودی حکومت یہ راگ لاپتی رہی تھی کہ راج ناتھ سنگھ کے ساتھ پاکستان میں مناسب رویہ اختیار نہیں کیا گیا تاہم انہی کے وزیرداخلہ کے سینیٹ میں بیان کے بعد بھارتی حکومت کی غلط بیانی کی کلی کھل گئی ہے۔ راج ناتھ سنگھ کا ایوان میں کہنا تھا کہ پاکستانی ہم منصب چوہدری نثار کی جانب سے تمام وزرائے داخلہ کو ظہرانے کی دعوت دی گئی لیکن جب کھانے کا وقت آیا تو وہ اپنی گاڑی میں بیٹھ کر چلے گئے جس کے بعد میں بھی وہاں سے ہوٹل کی جانب روانہ ہوگیا۔ سارک وزرائے داخلہ کانفرنس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ انھیں اپنے بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ کی جانب سے ایک پیغام موصول ہوا کہ کیا وہ ظہرانے میں شریک ہوں گے، جس پر انھوں نے یہ کہہ کر معذرت کرلی تھی کہ انھیں وزیراعظم ہاؤس میں ایک اہم اجلاس میں شرکت کرنی ہے۔