خبرنامہ پاکستان

بھارتی وزیرداخلہ پاکستان آنےکی غلطی ہرگزنہ کریں، سراج الحق

پاناما کے

لاہور:(اے پی پی) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر جب تک پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا پاکستان نامکمل رہے گا۔ تین اگست کو بھارتی وزیر داخلہ کا استقبال کرنے والا پاکستان میں کوئی نہیں ہوگا جو اس کا استقبال کرے گا اس کی جگہ پاکستان میں نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے واہگہ بارڈر پر’’آزادی کشمیر مارچ ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، لاہور میں جماعت اسلامی کی جانب سے آزادی کشمیر مارچ کیا گیا۔ مارچ میں سراج الحق کے علاوہ لیاقت بلوچ،سید صلاح الدین،غلام محمد صفی اوردوسرے رہنما شریک تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ پاکستان آنے کی غلطی ہرگز نہ کریں، انہیں پاکستان میں کوئی ویلکم نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی معاشی ، قومیت یا علاقائیت کا مسئلہ نہیں یہ نظریاتی جنگ ہے، ہم خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہم 15اگست کو بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر کشمیریوں کی طرح پاکستان میں یوم سیاہ منائیں گے اور مظفر آباد سے چکوٹھی تک کشمیرمارچ کریں گے اور اعلان کریں گے کہ لائن آف کنٹرول کو نہیں مانتے اور اس دیوار برلن کو ایک دن گرا کر دم لیں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کا جلد سورج طلوع ہونے والا ہے، بھارت کو شکست ہوگی، انہوں نے تجویز دی کہ صرف مسئلہ کشمیر کے لیے ایک نیا نائب وزیر خارجہ بنایا جائے جو کشمیر کے معاملے کو حل کرنے کے لیے مستقل بنیادوں پر کام کرے۔