خبرنامہ پاکستان

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی دہشت گرد ہے، خواجہ آصف

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی دہشت گرد ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی دہشت گرد ہے جس کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی نہیں بلکہ دہشت گرد تنظیم آر ایس ایس کی حکومت ہے اور بی جے پی اس کی ذیلی جماعت ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ ہمارے معاملات الجھے ہوئے ہیں لیکن امریکا کے ساتھ ہم اپنی پوزیشن واضح کرنا چاہتے ہیں، میرے دورے پر سول اور ملٹری قیادت ایک پیج پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی دو لاکھ فوج دہشت گردی کے خلاف نہیں لڑ رہی اور دہشت گردی کے خلاف جتنی کامیابی ہم نے حاصل کی اتنی کسی اور نے نہیں کی کیوں کہ فوجی آپریشن پچھلے 4 سال میں مکمل کامیاب ہوئے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میرے دونوں بیانات ایک ہی بیان کا تسلسل ہیں اور نیشنل ایکشن پلان اپنا گھر صاف کرنے کے لیے بنایا گیا تھا جس کے تحت ہمیں اپنا گھر درست کرنا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے اداروں کے ساتھ کبھی محاذ آرائی نہیں کی اور ہمیشہ عدالتی فیصلہ قبول کیا ہے لیکن صادق و امین کی پابندی سب پر ہونی چاہئے صرف سیاست دانوں پر نہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ میرا حق بنتا ہے کہ میں اپنا صدر کسی کو بھی چنوں لہذا نواز شریف میرے قائد ہیں اور میرا حق ہے کہ میں انہیں صدر بناؤں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ذات مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور رہی ہے، ہم ذاتی نہیں بلکہ ووٹرز کے مفادات کی نمائندگی کررہے ہیں اور ذاتی انا کو پس پشت ڈال کر پاکستان کی انا کو ترجیح دی جائے تو مسائل حل ہوجائیں گے۔