خبرنامہ پاکستان

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب، ایل او سی کی خلاف ورزی پر احتجاج

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاکستان نے ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے بھارتی فائرنگ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت 2003ء کے سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے۔ منگل کو بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی خصوصاً پیر کو بھارت کی جارحیت سے 3 پاکستانی جوانوں کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ دفتر خارجہ نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی بلا اشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا۔ دفتر خارجہ کی طرف سے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔ دفتر خارجہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ بھارت مسلسل لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ بھارت 2003ء کے سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے 3 پاکستانی فوجی شہید ہو گئے تھے۔ ۔۔۔(رانا)