خبرنامہ پاکستان

بھارت اور پاکستان ہر چھ ماہ بعد قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کرتے ہیں:خرم دستگیر

اسلام آباد ۔(اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان ہر چھ ماہ بعد قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کرتے ہیں‘ پاکستانی قیدیوں تک قونصلر رسائی مانگی گئی ہے۔ منگل کو ایوان بالا میں سینیٹر سحر کامران نے پاکستان اور بھارت کے مابین تبادلہ کئے گئے قیدیوں کے اعداد و شمار میں فرق کے حوالے سے توجہ مبذول نوٹس پیش کیا جس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ہر چھ ماہ بعد قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کرتے ہیں۔ ہماری فہرست کے مطابق 460 پاکستانی بھارت میں قید ہیں جبکہ بھارتی حکام نے 271 کی تصدیق کی ہے۔ 20 ایسے لوگ بھی ہیں جو ہندوستان کی فہرست میں ہیں لیکن ہماری فہرست میں نہیں ہیں۔ ہم نے ان قیدیوں تک قونصلر رسائی مانگی ہے۔ اس حوالے سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بھارت میں زیر حراست پاکستانیوں میں سے کچھ ضمانت پر رہا بھی ہیں۔ اس فہرست میں لاپتہ افراد نہیں ہیں۔ بعض لوگ بغیر اطلاع دیئے پاکستان آجاتے ہیں۔ پاکستانی قیدیوں کی فلاح و بہبود کا پورا خیال رکھیں گے۔