خبرنامہ پاکستان

بھارت سندھ طاس معاہدے پرمکمل تعاون نہیں کررہا، خواجہ آصف

اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے پرمکمل تعاون نہیں کر رہا اور پاکستان کوبھارتی ڈیمزکے ڈیزائن پرتحفظات ہیں۔

اسلام آباد میں وزیرخارجہ خواجہ آصف نے سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے آبی وسائل کی اہمیت بڑھ گئی، قدرتی وسائل میں پانی کوبہت اہمیت حاصل ہے، مستقبل میں توانائی کا زیادہ انحصارآبی وسائل پرہوگا، آج کے دورمیں پانی کا تحفظ اہم صورتحال اختیارکرگیا ہے، انڈس واٹر کا معاملہ دو خود مختار ملکوں کےدرمیان اہم مسئلہ ہے، بھارت سندھ طاس معاہدے پرعملدرآمد میں تعاون نہیں کر رہا جب کہ پاکستان اس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کرر ہا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں بھارتی ڈیمزکے ڈیزائن پرتحفظات ہیں، عالمی بینک سندھ طاس معاہدے پراپنا تعمیری کردار ادا کرے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پانی کی مقامی تقسیم پر خرچ ہونےوالی رقم کا 80 فیصد ریکورنہیں ہوتا، ہم پانی ایسے استعمال کرتے ہیں جیسے ہمارے پاس لامحدود پانی ہے، اگرپانی کا ضیاع جاری رہا تومستقبل میں مزید خطرات کا سامنا کرنا پڑے گا جب کہ پانی سے متعلق قومی سطح پر شعور اجاگر کرنا ہوگا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں زیادہ ترپانی مغربی دریاوں سے آتا ہے، استعمال شدہ زیادہ تر پانی ضائع ہوجاتا ہے تاہم آبپاشی کا طریقہ کار بہتر بنا کر پانی کو بچایاجا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے بھی ماضی میں پانی کے مسئلے کوسنجیدگی سےنہیں لیا تاہم اب حکومت نے مسئلے کا ادراک کرتے ہوئے الگ وزارت قائم کی ہے۔

واضح رہے کہ 14اور 15ستمبر کو واشنگٹن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کے تنازع پر مذاکرات ہوں گے ، عالمی بینک کی زیر نگرانی ہونے والے ان مذاکرات میں متنازع بھارتی منصوبوں پر بات کی جائے گی۔