خبرنامہ پاکستان

بھارت سن لے ہم آزادی لے کر رہیں گے، صدر آزاد کشمیر

اسلام آباد(ملت آن لائن)صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ آزادی ہمارا حق ہے اور ہم کوئی بھیک نہیں مان رہے اس لیے بھارت سن لے ہم آزادی لے کر رہیں گے۔

اسلام آباد میں برطانوی رکن پارلیمنٹ اینڈریو گوائین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ محبوبہ مفتی کشمیریوں کو مروانے میں سہولیت کار ہیں، اگر کچھ نہیں کر سکتی تو استعفیٰ دے دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھارت اور عالمی دنیا سے بھیک نہیں مانگ رہے، آزادی ہمارا حق ہے جب کہ کشمیری الحاق پاکستان پر یقین رکھتے ہیں اور ہندوستان کی قابض افواج پکڑ دھکڑ سے تحریک آزادی کو کچل نہیں سکتی۔

مسعود خان کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور یورپی یونین دُہرا معیار ختم کریں، برطانوی ارکان پارلیمنٹ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کی کوشش کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر اچھالا گیا، وہ منتخب وزیراعظم ہیں، تمام سیاسی قوتوں کو ان کا احترام کرنا چاہیے۔

اس موقع پر برطانوی پارلیمنٹ کے رکن اینڈریو گوائین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر انسانی مسئلہ ہے، اپنے مستقبل کے بارے میں کشمیری عوام نے خود فیصلہ کرنا ہے، مقبوضہ کشمیر تک رسائی کی درخواست کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو اپنے وطن کے بارے میں فیصلہ کرنے کے جمہوری حق سے محروم رکھا جا رہا ہے، اگر آپ جمہوریت پسند ہیں، اگر آپ انسانی حقوق پر یقین رکھتے ہیں، توآپ کو دیکھنا ہوگا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو ہورہا ہے، وہ مکمل طور پر غلط ہے۔

برطانوی پارلیمانی وفد جمعہ سے آزاد کشمیر کا دو روزہ دورہ کرے گا۔