خبرنامہ پاکستان

بھارت سیکورٹی کے حوالے سے سیاست چمکانا بند کرے، میر واعظ

بھارت سیکورٹی کے حوالے سے سیاست چمکانا بند کرے،میر واعظ

سرینگر: (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے بھارتی حکومت سے کہا کہ وہ آزادی پسند رہنماؤں کو فراہم کی جانے والی پولیس سیکورٹی واپس لے اور اس مسئلے پر سیاست چمکانا بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی طرف سے مزاحمتی قیادت کی گرفتار ی سے انکے عزم کو توڑنے میں ناکامی کے بعد اب بھارت آزادی پسند رہنماؤں کو فراہم کی جانے والی پولیس سیکورٹی کے حوالے سے پروپیگنڈے پر اتر آیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہمقبوضہ علاقے کی نام نہاد اسمبلی اور بھارتی پارلیمنٹ میں آئے روز ڈھول پیٹا جا رہا ہے کہ آزادی پسند رہنماؤں کو فراہم کی جانے والی سیکورٹی پر لاکھوں روپے خرچ کئے جارہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروپیگنڈے کا واحد مقصد آزادی پسند رہنماؤں کے حوالے سے عوام کے اندر بدظنی پیدا کرکے تحریک آزادی کو کمزرو کرنے کی کوشش کرنا ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ مزاحمتی قیادت نے کبھی بھی حکمرانوں سے سیکورٹی نہیں مانگی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت ایک منصوبے اور پالیسی کے تحت مسئلہ کشمیر کی حیثیت اور حساسیت کو ختم کرنے کی کوششوں میں لگاتار مصروف عمل ہے اور اس کے لئے وہ یہاں کی مزاحمتی قیادت اور نوجوانوں کو مختلف حربوں سے نشانہ بنا رہی ہے۔میر واعظ نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کمزور کرنے کیلئے کئی محاذوں پر کام کر رہا ہے اور ایک طرف فوجی طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف بے بنیاد پروپیگنڈہ کا سہارا بھی لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اوچھے ہتھکنڈوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا اور ایک روز اسے کشمیریوں کی آواز سننا پڑے گی۔