خبرنامہ پاکستان

بھارت مقبوضہ کشمیر میں او آئی سی وفد کو جانے کی اجازت دے، سیکریٹری جنرل

بھارت مقبوضہ

بھارت مقبوضہ کشمیر میں او آئی سی وفد کو جانے کی اجازت دے، سیکریٹری جنرل

جدہ:(ملت آن لائن) تنظیم تعاون اسلامی ( او آئی سی) نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر مسئلہ حل کرانے کیلیے زور دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے مظالم اور تشدد کا نیا سلسلہ شروع کیا ہے۔ قابض فوج نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو روز میں 20 سے زائد بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید اور سیکڑوں کو زخمی کردیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی درندگی، 20 نوجوان شہید
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف نے اپنے ایک بیان میں کہا او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی مذمت کرتی ہے، بھارت نے کشمیر میں20 نہتے شہریوں کو شہید کردیا، بھارت او آئی سی مشن کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دے۔ ڈاکٹر یوسف نے کشمیری شہدا کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے کردار ادا کرے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
………………………
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف دوسرے روز بھی ہڑتال
سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں 17 نوجوانوں کی شہادت کے بعد کشمیر میں آج دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال ہے جب کہ کشمیر کے جنوبی علاقوں میں کرفیو نافذ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں سرچ آپریشن کے نام پر بھارتی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں 17 نوجوانوں کی شہادت پر حریت رہنماؤں کی اپیل پر کشمیری سراپا احتجاج ہیں اور وادی بھر آج دوسرے دن بھی مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔ تمام اسکول، کالجز اور جامعات بند ہیں جب کہ تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔ دوسری جانب کٹھ پتلی انتظامیہ نے ممکنہ احتجاج سے بچنے کے لیے کشمیر کے جنوبی حصوں میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے حریت پسند رہنماؤں سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو گھروں میں بدستور نظر بند کر رکھا ہے جب کہ یاسین ملک کو تین روزہ ریمانڈ پر سری نگر کی سینٹرل جیل بھیج دیا گیا ہے۔ حریت پسند رہنماؤں کے اعلان پر شہیدوں سے اظہار یک جہتی کے لئے کل شوپیاں تک بھارت مخالف احتجاجی مارچ بھی کیا جائے گا۔