خبرنامہ پاکستان

بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنرکی کشمیری رہنماعلی گیلانی کی عیادت

نئی دہلی (اے پی پی) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی صحت بہتر ہونے پر نئی دہلی کے میکس ہسپتال کے ڈاکٹروں نے انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ سے عمومی وارڈ میں منتقل کر دیا جبکہ پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے گزشتہ روز وزیراعظم کی ہدایت پر ہسپتال میں علی گیلانی سے ملاقات کی اور وزیراعظم نواز شریف کا نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایاز اکبر نے نئی دہلی میں جاری ایک بیان میں کہا علی گیلانی نے گزشتہ رات طبیعت میں بہتری محسوس کی اور بہتر نیند لی۔ حریت چیئرمین نے ہسپتال میں ناشتہ بھی کیا۔ علی گیلانی کو سانس لینے میں دقت اور سینے میں درد کے باعث جمعرات کے روز نئی دہلی کو میکس ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ ہسپتال میں سید علی گیلانی کے کچھ ضروری ٹیسٹ کرائے گئے جن کی رپورٹ مثبت آئی ہے اور ڈاکٹروں نے کہا ہے حریت چیئرمین اب خطرے سے باہر ہیں اور تشویش کی کوئی بات نہیں ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے گزشتہ روز نئی دہلی ہسپتال میں علی گیلانی سے ملاقات کی۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے حریت رہنما کو وزیراعظم نواز شریف کا نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور پاکستانی عوام کی طرف سے علی گیلانی کی جلد صحتیابی کی نیک خواہشات بھی پہنچائیں۔ حریت رہنمائوں کی جلد صحتیابی کیلئے پاکستانی ہائی کمشن میں قرآن خوانی اور خصوصی دعا بھی کرائی گئی ہے۔