نئی دہلی (آئی این پی )بھارت پاکستان کو ایف 16 جنگی طیارے فروخت کرنے کے امریکہ کے فیصلے پر بھڑک اٹھا۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے ٹویٹ کیا کہ ہم پاکستان کو ایف 16 طیارے فروخت کیے جانے کے سلسلے میں اوباما انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیے جانے سے مایوس ہوئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ بھارت امریکہ کے اس خیال سے اتفاق نہیں رکھتا ہے کہ ان طیاروں کی فروخت سے انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں مدد ملے گی۔سوروپ نے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں کا ریکارڈ خود اپنی کہانی بیان کرتا ہے۔ بھارت امریکی سفیر کو بلا کر اپنی ناراضگی ظاہر کرے گا۔اس سے قبل جمعرات کو امریکہ نے کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون اس کے مفاد میں ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان میں جاری آپریشن سے شدت پسندوں کو نقصان پہنچا ہے۔ جمعرات کو امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا کہ پاکستان میں ’دہشت گردوں کے خلاف آپریشن امریکہ اور پاکستان سمیت پورے خطے کے مفاد میں ہے۔‘