خبرنامہ پاکستان

بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے: شیخ روحیل

اسلام آباد ۔ 4 نومبر (ملت + اے پی پی) قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین شیخ روحیل اصغر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت نے ملک میں انتہا پسندی اور دہشتگردی میں بھارت کے ملوث ہونے کو بے نقاب کیا ہے۔ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ بھارت نے پاکستان کے وجود کو آج تک تسلیم نہیں کیا ۔وہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے اور انتشار بھیلانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت نے اس مقصد کے لئے افغانستان میں سفارتخانہ اور دفاتر کھول رکھے ہیں جہان سے وہ فاٹا، بلوچستان اور کراچی میں دہشتگردی کر رہا ہے تاہم پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت کی بہترین حکمت عملی کے باعث بھارت کو ناکامی کا سامنا اور منہ کی کھانا پڑ رہی ہے۔ شیخ روحیل اصغر نے کہا ہے کہ سابقہ ادوار میں بھی بھارت پاکستان میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کر رہا تھا ۔ انھوں نے کہاکہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ موجودہ حکومت نے پاکستان میں کلبھوشن یادیو گرفتار اور بھارتی سفاتکاروں کو جاسوسی اور انتہا پسندوں کی معاونت کے الزامات کے شواہد ملنے پر ملک بدر ہونے کا حکم دیا ہے جس سے بھارت دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ کریڈٹ بھی موجودہ حکومت کر جاتا ہے کہ اس نے بھارت کی آنکھوں میں انکھیں ڈال کر بات کی اور مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کیا ہے۔