خبرنامہ پاکستان

بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آ گیا ہے، سردار مسعود خان

بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آ گیا ہے، سردار مسعود خان

کراچی(ملت آن لائن)صدرآزاد جموں کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف کھلے عام اور درپردہ جنگ بند کرے، گلبھوشن سے بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آ گیا ہے، پاکستان چین اقتصادی رہدارای منصوبہ(سی پیک)سے معاشی انقلاب برپا ہونے جارہاہے،کشمیریوں کاخون رائیگاں نہیں جائیگا آزادی انکا مقدر ہے،پاکستان میرین اکیڈمی جہازرانی کے شعبہ میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو 54ویں پاکستان میرین اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سردار مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا اقوام عالم کو نوٹس لینا چاہیے ۔انہوں نے کہا بھارتیٰ فوج ہزاروں کشمیریوں کو شہید کرنے کے ساتھ انہیں زخمی اور بصارت سے محروم کرنے جیسے جرائم میں بھی ملوث ہے۔ صدر آزاد کشمیرنے کہا کہ بھارت روزانہ لائن آف کنٹرول پر بلااشعال فائرنگ بند کرے اور میں بھارت کی طرف سے ہونے والی ریاستی دہشت گردی کی بھرپورمذمت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف 3محاذ پر جنگ کررہا ہے وہ مقبوضہ کشمیر میں 7لاکھ فوج کے ذریعے وہاں کے عوام پر مظالم کے ساتھ آزاد جموں کشمیر کی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ روازنہ اس کا معمول بن گیا ہے اور پاکستان میں گلبھوشن جیسے حاضرسروس کمانڈر جاسوس بھیج کے اندرونی دہشت گردی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سی پیک کے ذریعے معاشی انقلاب پرپا ہونے جارہا ہے اور یہ انقلاب نہ صرف زمین بلکہ سمندر میں بھی برپاہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری2لاکھ90ہزار مربع کلومیٹر سمندری حدود بے پناہ معدنی وسائل سے مالا مال ہے ضرورت صرف انکو تلاش کرنے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جہازرانی اہم شعبہ ہے اور پاکستان میرین اکیڈمی اس شعبے کو وسعت دینے کے لئے اہم کردار ادا کررہی ہے اور ہر سال کیڈٹس کی بڑی تعداد یہاں سے فارغ التحصیل ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کے شروع ہونے سے اکیڈمی کو اب اپنے کیڈٹس کی تعداد میں بھی اضافہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا میں پاس ہونے والے کیڈٹس ،انکے والدین کو مبارک باد دیتا ہوں وہ دنیا کی بہترین اکیڈمی سے تربیت حاصل کر کے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں وہ اپنی وہ پروفیشنل زندگی میں ملک وقوم کا نام روشن کریں گے۔اس موقع پر وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجونے کہا کہ آج پاس ہونے والے کیڈٹس ہمارے ملک کے سفیر ہیں ان بچوں نے دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کرنی ہے اور ملک کانام روشن کرناہے۔ پاکستان میرین اکٰیڈمی کا شمار دنیاکی بہترین اکیڈمیوں میں ہوتا ہے جہاں پر کیڈٹس کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کی جارہی ہے اور ہر سال سینکڑوں کیڈٹس یہاں سے پاس آؤٹ ہو کر جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی ترقی کا سفر مزید طے کرنا ہے۔اس موقع پر صدر آزاد کشمیر نے پاس ہونے والے کیڈٰٹس کی پریڈ کا معائنہ کیا۔ اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس سید عمیر،راؤ عامرسلیم،معظم خلیل اور عزیر اسلم میں میڈلز تقسیم کئے۔اس موقع پر اکیڈمی کے کمانڈنٹ کموڈوراکبر نقی بھی انکے ہمراہ تھے۔اس سال پاکستان میرین اکیڈمی سے 136 کیڈٹس نے پاس آؤٹ ہوئے جن میں 73انجینرنگ اور 63 نوٹیکل کے شعبہ سے تھے۔