خبرنامہ پاکستان

بھارت کا جنگی جنون اسے تباہ کردے گا‘لیاقت بلوچ

لاہور: (ملت+آئی این پی)جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنر ل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت کا جارحانہ اور جنگی جنون پر مبنی رویہ خود اسے تباہ کردے گا ، جموں و کشمیر آر پار کے عوام بھارتی جبر کا منہ توڑ جواب دیں گے، پاکستانی ملت اور افواج پاکستان ہندوستان کے تمام قرضے چکانے کے لیے تیار ہیں ، دشمن کے مقابلہ میں عسکری ، سیاسی ، معاشی ، دانشور قوتیں یک آواز اور یک جان ہو جائیں ۔ مستحکم و آزاد پاکستان ہی خطہ میں امن کی ضمانت ہے ۔ این اے 126 کے معززین اور سیاسی شخصیات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی آئین اور قانون کی حکمرانی اور عوام کو ظلم و جبر ، کرپشن ، قومی وسائل پر لوٹ مار سے نجات دلائے گی ۔ ملک و ملت کو 70 سال سے ذلت و پستی میں دھکیلنے والے ہی بیرونی دشمنوں سے زیادہ خطرناک ہیں ،ان کے خلاف بغاوت اور عوام کو مہنگائی ، غربت اور رسوائی کے عذاب سے نجات دلانا ہمارا مشن ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران نمائشی کاموں کو ترجیح دے رہے ہیں لیکن سماجی مشکلات اور خرابیاں نظر انداز کر رہے ہیں ۔ عوام کا حق ہے کہ جان ،مال اور عزت کا تحفظ ہو، پولیس کلچر بدلے اور سٹریٹ کرائمز کا خاتمہ ہوناچاہیے ۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو تعلیم ، ہنر اور روزگار دینا اپنے مستقبل کو محفوظ کرنے کے مترادف ہے ۔ اس موقع پر احمد سلمان بلوچ ، شاہد اسلم ملک اور محمود الاحد بھی موجودتھے ۔