خبرنامہ پاکستان

بھارت کا پاکستان کو پٹھانکوٹ کی تحقیقات کیلئے ائیربیس تک رسائی کی اجازت سے انکار

پاکستانی تفتیشی ٹیم کوفوجی اڈے کے اندر آنے دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ،واقعہ کی خود تحقیقات کریں گے ،پاکستان کی ناکامیوں سے معاملات مزید پیچیدہ ہوجائیں گے ، پٹھانکوٹ اور ممبئی حملوں کے ٹھوس ثبوت فراہم کیے ، پاکستان ذمہ داران کے خلاف کاروائی کی بجائے لیت ولعل سے کام لے رہاہے ، اگر کوئی ہمارے مفادات کو نقصان پہنچائے گا تو ہم بھی منہ توڑ جواب دیں گے ،پاک بھارت خارجہ سیکرٹری مذاکرات کیلئے تاحال کسی تاریخ کا تعین نہیں ہوا
بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکرکا انڈیا ٹوڈے کے’’ ٹو دی پوائنٹ ‘‘پروگرام میں انٹرویو
نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی وزیردفاع منوہر پریکر نے پاکستانی تفتیش کاروں کو پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقات کیلئے ائیربیس تک رسائی کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی تفتیشی ٹیم کوفوجی اڈے کے اندر آنے دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ،واقعہ بھارت میں ہوا ہے ہمارے تحقیقاتی ادارے ہی اس حملے کی تحقیقات کریں گے ، پٹھانکوٹ اور ممبئی حملوں کے ٹھوس ثبوت فراہم کیے جانے کے باوجود پاکستان ذمہ داران کے خلاف کوئی کاروائی کرنے کی بجائے حیلے بہانوں سے کام لے رہاہے وہ اس معاملے میں سنجید ہ نہیں ،پاکستان کی ناکامیاں معاملات کو مزید پیچیدہ کرسکتی ہیں، اگر کوئی ہمارے مفادات کو نقصان پہنچائے گا تو ہم بھی اسے ایسا ہی درددیں گے تاہم جگہ اور وقت کا تعین ہم خودکریں گے،پاک بھارت خارجہ سیکرٹری مذاکرات کیلئے تاحال کسی تاریخ کا تعین نہیں ہوا۔جمعرات کو وزیر دفاع منوہر پریکرنے انڈیا ٹوڈے کے’’ ٹو دی پوائنٹ ‘‘پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ بھارتی حکومت نے پاکستان کو پٹھانکوٹ اور ممبئی حملوں کے ٹھوس ثبوت فراہم کیے ہیں اگر وہ سنجیدہ ہیں تو وہ اس پر کاروائی کریں گے ۔اگر کوئی حیلے بہانے سے کام لینا شروع کردے تو اس چیز کو تلاش کرنا بہت مشکل ہوجاتا ہے کہ وہ کیا کررہے ہیں۔انکا کہناتھاکہپاک بھارت خارجہ سیکرٹری مذاکرات کی کسی تاریخ کا تعین نہیں ہوا ہے ،پاکستان کی ناکامیاں معاملات کو مزید پیچیدہ کرسکتی ہیں۔منوہر پریکر نے کہاکہ پاکستانی تفتیش کاروں کو پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقات کیلئے ائیربیس تک رسائی کی اجازت دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ،واقعہ بھارت میں ہوا ہے اس لیے قومی تحقیقاتی ایجنسی اسکی تحقیقات کرے گی ۔پاکستان اپنے ملک میں واقعے کے کرداروں کے حوالے سے تحقیقات کرے۔انکاکہناتھاکہ اگر کوئی ہمارے مفادات کو نقصان پہنچائے گا تو بھارت ایسا ہی درد اسے بھی دے گا جس کی جگہ اور وقت کا تعین ہم خودکریں گے ۔ڈیوڈ ہیڈلی کے حالیہ بیانات کے حوالے سے منوہر پریکر نے کہاکہ ہیڈلی کے بیانات کے بعد ممبئی حملوں میں پاکستان کے ہینڈلرز کے ملوث ہونے کے ثبوت کی ضرورت نہیں رہتی۔منوہر پریکر نے کہاکہ وزارت دفاع فوجی ڈھانچے میں اصلاح کے ایک منصوبے پر کام کررہی ہے ،مسلح افراد کے موثر عنصر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا تاہم فوج کے غیر ضروری حصے کو ختم کیا جاسکتا ہے اس سلسلے میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان سے بات ہوئی ہے اور رواں سال اس بار ے میں کچھ پیش رفت ہوسکتی ہے ۔