خبرنامہ پاکستان

بھارت کشمیریوں پرحد سے زیادہ ظلم کررہا ہے: رحمن ملک

اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ہونے والے قتل عام اور معصوم شہریوں پر فورسز کے مظالم کا نوٹس لے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رحمن ملک نے کشمیر میں عام شہریوں کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان واقعات کی شدید مذمت کی۔تاہم رحمن ملک نے یہ بھی کہا کہ عالمی برادری سے پہلے پاکستان کا ردِعمل زیادہ ضروری ہے اور جو لوگ ایوان میں بیٹھے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اس معاملے پر جنرل اسمبلی کا اجلاس طلب کریں۔پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اگر نائن الیون جیسے واقعات ہوجائیں تو فوراً سے قراردادیں منظور ہوجاتی ہیں اور ان پر ایکشن بھی ہوتا نظر آتا ہے، لیکن کشمیر سے متعلق جو قرارداد منظور ہوئی تھی، اس پر آج تک عمل درآمد نہیں ہوسکا۔رحمن ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کو چاہیے کہ اقوامِ متحدہ میں اس پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائے، تاکہ یہ معاملہ دوبارہ دنیا کی نظروں کے سامنے آسکے۔ان کا کہنا تھا کہ جو ظلم ہندوستان نے مشرقی پاکستان میں کیاآج اس سے زیادہ ظلم وہ کشمیر کے لوگوں پر کررہا ہے، لہذا حکومت کا کام ہے کہ وہ اس پر آواز بلند کرے۔واضح رہے کہ ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین میں ہونے والی حالیہ جھڑپوں میں اب تک 32سے زائد افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں