خبرنامہ پاکستان

بھارت کشمیر میں آزادی جدوجہد روکنے میں ناکام رہی ہے، صدر مملکت

بھارت کشمیر میں

بھارت کشمیر میں آزادی جدوجہد روکنے میں ناکام رہی ہے، صدر مملکت

اسلام آباد:(ملت آن لائن) صدر مملکت ممنون حسین نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی اپنے بنیادی حق خود ارادیت کے حصول کے لئے جرات مندانہ جدوجہد کے لئے اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے میں اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے بے گناہ کشمیریوں کے خلاف وحشیانہ مظالم کی حالیہ لہر کے نتیجے میں 20 سے زائد کشمیری نوجوان شہید اور 200 سے زائد نہتے مظاہرین زخمی ہوئے۔ اپنی تاریخی جدوجہد میں مقبوضہ کشمیر کے بہادر اور پرعزم عوام نے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو بھارتی جبر و استبداد سے نجات کی ولولہ انگیز جدوجہد سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔ صدر مملکت نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اس معاملے میں اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرے۔ انہوں نے بھارت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ قابض افواج کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں روا رکھی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے کے لئے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے آفس اور اسلامی تعاون کی تنظیم کے خودمختار مستقل انسانی حقوق کمیشن کی آزادانہ فیکٹ فائنڈنگ ٹیموں کے دورہ میں سہولت پیدا کرے اور کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔