خبرنامہ پاکستان

بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کر رہا ہے: لیاقت بلوچ

اسلام آباد(ملت + آئی این پی) ملک کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں ‘ طلباء تنظیموں کے نمائندوں اور دانشوروں نے کہا ہے کہ آزادی اور حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ‘ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کر رہا ہے ‘ ہمیں اپنی خارجہ پالیسی اور کشمیر پالیسی کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے‘ ساری جماعتوں کو یکجا ہو کر آواز اٹھانی چاہیے ‘ برہان الدین وانی کی شہادت نے نوجوانوں میں نیا جذبہ پیدا کیاہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ‘ پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی‘ مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ امین شہیدی ‘ سینئر صحافی امیر عباس اور دیگر نے نیشنل پریس کلب میں تحریک آزادی کشمیر کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین حل نہیں ہو جاتے دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو بینائی سے محروم کیا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر سیاسی جماعتوں کو یکجا ہونا چاہیے اور حکومت کو سفارتی سطح پر بھرپور آواز بلند کرنی چاہیےے جس طرح کرپشن کی بنیاد پر۔ پانامہ لیکس کی بنیاد ‘ عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ ہوتے ہیں ۔ کشمیر کے مسئلے پر بھی عدالتی کمیشن قائم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ برہانی وانی کی شہادت نے پوری ملت میں نیا جذبہ پیدا کیا ہے۔ پاکستان کے جوان کشمیریوں کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم خان کنڈی نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے کو سیاست کی نظر کیا جا رہا ہے ساری جماعتیں تقسیم ہیں جنہیں یکجا ہونا چاہیے۔ بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دینا چاہیے۔ ہماری خارجہ پالیسی کمزور ہے ۔ دفتر خارجہ صرف ایک پریس ریلیز تک محدود ہے۔ اقوام متحدہ او آئی سی اجلاسوں میں صرف تقاریر ہوتی ہیں۔ ہم سب کو یکجا ہو کر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوشیں کرنی ہوں گی۔ مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ امین شہیدی نے کہا کہ کشمیر شہداء کی سرزمین ہے۔ کشمیریوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ آزادی پسند ہیں اور غلامی کی زندگی نہیں چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری خارجہ پالیسی کی وجہ سے اور کمزور کشمیر پالیسی کی وجہ سے کوئی نہیں پوچھتا حتیٰ کہ مسلمان ممالک کی نظر میں بھی مسئلہ کشمیر کو وہ حیثیت حاصل نہیں جو ہونی چاہیے تھی۔ کشمیری اسلحہ پر نہیں انسانی جمہوری آواز پر یقین رکھتے ہیں اور کامیابی کشمیریوں کا مقدر میں ہے اور انہیں ملے گی۔ سینئر صحافی امیر عباس نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد کی صورتحال سے ساری دنیا واقف ہو چکی ہے۔ ہمیں معاشی طور پر اپنے آپ کو مضبوط کرنا ہو گا تاکہ دنیا ہمیں نظر انداز کرنے کی بجائے ہماری بات مانے۔ متحدہ طلباء محاذ کے مرکزی صدر سرفراز نقوی نے کہا کہ ہمیں کشمیری لوگوں کی جدوجہد کو مضبوط کرنا چاہیے۔ اس موقع پر مصطفوی سٹوڈنٹس کے رہنما ضیاء الرحمن اور انجمن طلباء اسلام کے بو علی نے بھی خطاب کیا۔