خبرنامہ پاکستان

بھارت کیلئے کشمیریوں کی جانوں کی قیمت جانوروں سے بھی کم ہے، انجینئر رشید

بھارت کیلئے

بھارت کیلئے کشمیریوں کی جانوں کی قیمت جانوروں سے بھی کم ہے، انجینئر رشید

سرینگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے بھارت کی ایک عدالت کی طرف سے فلمی ادارکار سلمان خان کو ہرن مارنے کے جرم میں پانچ سال کی سزا پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ فیصلے سے ایک بار پھر ثابت ہو گیا ہے کہ بھار ت کیلئے کشمیریوں کی جان کی قیمت جانوروں سے بھی کم ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ افسوس کی بات یہ ہے کہ سلمان خان کو ہرن مارنے کے جرم میں پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی ہے تاہم شوپیاں میں پانچ بے گناہ شہریوں کو قتل کرنے والے میجر ادتیہ کوبھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے پذیرائی ملی اورایک کشمیری کو فوجی جیپ کے آگے باندھ کر انسانی ڈھال کے طورپر استعمال کرنے والے میجر گگوئی جیسے انسانی حقوق کے بد ترین مجرم کی ہر جگہ واہ واہ کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ عدالتی فیصلے نے پھر ثابت کر دیا ہے کہ بھارت کو صرف کشمیر کی زمین چاہیے اور اس کیلئے کشمیریوں کے جان کی کوئی قیمت نہیں۔ کون نہیں جانتا کہ پتھری بل سے مژھل تک پورے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں نے جعلی مقابلوں کے دوران سینکڑوں کشمیریوں کو شہید کردیا ہے تاہم آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ز ایکٹ جیسے کالے قوانین اور ملکی مفاد کے نام پر ان سارے شرمناک واقعات کی پردہ پوشی کی جاتی ہے اور ان میں ملوث مجرموں کے خلاف کارروائی کی بجائے انہیں ترقیوں سے نوازاجاتا ہے۔ انجینئر رشید نے کہا کہ عالمی برادری کواس بات کا نوٹس لینا چاہیے کہ جانوروں سے زبردست محبت کا اظہار کرنے والے انسانوں سے اتنی نفرت کیوں کرتے ہیں۔ کشمیریوں کو جرم بے گناہی کی سزا دیکر خودبھارت میں بھی امن اور سکون قائم نہیں رہ سکتا اور1947سے آج تک جس طرح کشمیریوں سے جانوروں سے بھی بد تر سلوک کیا جا رہا ہے اس کا خمیازہ بھارت کو بھگتنا پڑ یگا۔