خبرنامہ پاکستان

بھارت کی جانب سےخطہ میں امن واستحکام کو خطرہ ہے، دفتر خارجہ

بھارت کی جانب سےخطہ میں امن واستحکام کو خطرہ ہے، دفتر خارجہ
اسلام آباد: (ملت آن لائن) پاکستان نے ایک بار پھر کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے دفاعی بجٹ میں بڑے پیمانے پر اضافہ خطہ میں سلامتی اور امن و استحکام کیلئے خطرہ ہے، بھارت کے ساتھ کشمیر، سرکریک سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں، امریکی کانگرس نے کولیشن سپورٹ فنڈ کے تحت دہشت گردی کے خلاف پاکستان کیلئے 70 کروڑ ڈالر کی منظوری دی ہے، پاکستان کشمیر سے متعلق اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہے گا، بھارتی اقدامات سی پیک اور خطہ میں ترقی کیلئے پاکستانی اور چین کی کوششوں کی راہ میں حائل نہیں ہو سکتے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیر، سیاچن اور سرکریک سمیت تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے لیکن نئی دہلی اس سلسلہ میں سنجیدہ نہیں۔ بھارت کی جانب سے حالیہ کروز میزائل کے تجربے سے متعلق ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جنگی تیاریوں سے خطہ میں اسلحہ کی دوڑ میں اضافہ ہو گا جبکہ دفاعی بجٹ میں بڑے پیمانے پر اضافہ خطہ میں سلامتی اور امن و استحکلام کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت نے حالیہ کروز میزائل کے تجربہ سے پیشگی اطلاع نہیں دی تھی۔ ترجمان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہ افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے ایک حقیقت ہیں، افغانستان کے ہمسایہ ممالک بالخصوص پاکستان ان سے براہ راست متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہ افغانستان کی تعمیرنو کیلئے امریکی خصوصی انسپکٹر جنرل نے بھی اپنی ایک رپورٹ میں تسلیم کیا ہے کہ افغانستان کا 43 فیصد سے زیادہ علاقہ افغان حکومت کے کنٹرول سے باہر ہے۔ پاک۔امریکہ تعلقات کے حوالہ سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ مختلف معاملات پر غلط فہمیاں دور کرنے کی غرض سے جامع مذاکرات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان سٹرٹیجک مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا خواہاں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکی کانگریس نے کولیشن سپورٹ فنڈ کے تحت دہشت گردی کے خلاف پاکستان کیلئے 70 کروڑ ڈالر کی منظوری دی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان پرامن ہمسائیگی کے پالیسی پر عمل پیرا ہے لیکن بھارت کے جارحانہ عزائم خطہ کے امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کا اہم ذمہ دار رکن ہے۔ پاکستان امن پر یقین رکھتا ہے لیکن ہماری مسلح افواج تمام خطرات سے نمٹنے اور ملکی دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے کلبھوشن یادیو کی اہلیہ کو اپنے خاوند سے ملاقات کی پیش کش انسانی بنیادوں پر کی ہے، اس حوالہ سے بھارتی ہائی کمیشن کو بھی آگاہ کر دیا گیا تھا تاہم ابھی تک ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ ترجمان نے کہا کہ لندن میں پاکستان مخالف مہم کے خلاف برطانوی حکومت کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔