خبرنامہ پاکستان

بھارت کی پاکستانی موبائل ہیک کرنے کی سازش

کراچی: (ملت+اے پی پی) ایک طرف بھارت کا جنگی جنون تو دوسری جانب سازشی دماغ بھی مسلسل پاکستان کیخلاف اپنے ناپاک عزائم کو عملی جامہ پہنانے کی کوششوں میں مصروف رہتا ہے۔ بھارت نے پاکستان کے خلاف آبی اور سرحدی جارحیت کے بعد آئی ٹی کے میدان میں دہشت گردی شروع کر دی۔ ملک بھر میں سمارٹ موبائل فون استعمال کرنے والے ہوشیار ہو جائیں کیونکہ نیشنل ٹیلی کام اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی سکیورٹی بورڈ نے ایڈوائزری الرٹ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق، بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے ممبئی سے پاکستانی سمارٹ موبائل فون ہیک کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں جن کے بعد آپ کا تمام ڈیٹا غیرمحفوظ ہو جائے گا۔ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ شہری واٹس ایپ ویڈیو کال کے کسی لنک کو کلک نہ کریں اور اگر کسی نے واٹس ایپ ویڈیو کا کوئی لنک کھولا ہے تو فوراً موبائل فون کو ریسیٹ کرا لیں۔ بصورت دیگر آپ کا سمارٹ فون غیرمحفوظ ہے۔ الرٹ میں ہدایت کی گئی ہے کہ واٹس ایپ کو بھی صرف گوگل پلے سٹور سے ہی انسٹال کیا جائے۔